بالی:غلط ہائی جیکنگ الرٹ کے بعد مسافر گرفتار

،تصویر کا ذریعہ GETTY
انڈونیشیا کے شہر بالی میں دورانِ پرواز ہائی جیکنگ کے غلط سگنل کی وجہ بننے والے آسٹریلوی مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسٹریلیا کے شہر برزبین سے بالی جانے والی ورجن ایئرلائنز کی پرواز کے دوران میٹ کرسٹوفر نامی 28 سالہ مسافر نے نشے کی حالت میں اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا اور کاک پِٹ کے دروازے کو جارحانہ انداز سے کھٹکھٹانا شروع کیا۔
اس پر پائلٹ نے لینڈنگ سے ایک گھنٹہ قبل کنٹرول ٹاور کو اغوا کا سگنل بھیج دیا۔
فضائی کمپنی کے مطابق دورانِ پرواز مذکورہ مسافر کو عملے نے ہتھکڑی لگا کر قابو میں کیا۔
اغوا کی اطلاع کے بعد حکام نے بالی ایئرپورٹ کو چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیا اور انڈونیشیا کے فوجی دستوں نے رن وے کا کنٹرول سنبھال لیا اور لینڈنگ کے بعد جہاز کے اندر داخل ہوگئےـ

،تصویر کا ذریعہGETTY
ایئرپورٹ پر موجود ایک اور طیارے کے مسافر پالانی موہن نامی نے بتایا کہ انھوں نے لینڈنگ کے بعد مذکورہ طیارے کی طرف فوج کی بکتر بند گاڑیوں کو جاتے دیکھاـ
ایئرلائن کے حکام کے مطابق یہ واقعہ طیارے کے عملے میں افراتفری کے بعد پیش آیا اور اغوا کا سگنل غلط اور غیر ضروری تھا۔
ورجن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ہیرو سوجامیکو نے کہا کہ ’یہ واقعہ صرف اس لیے پیش آیا کہ مسافر نشے کی حالت میں تھا اور اس نے جارحانہ رویہ اختیار کیا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ورجن آسٹریلیا کا نام پہلے ورجن بلیو ایئرلائن تھا، اور یہ آسٹریلیا کی دوسری بڑی فضائی کمپنی ہے۔







