جیٹ پیک: جب طیارے کے عملے نے لاس اینجلس کے قریب ’چھ ہزار فٹ کی بلندی پر نامعلوم شخص کو اڑتے دیکھا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ہوائی اڈے کے قریب ایک نامعلوم شخص کو جیٹ پیک کے ذریعے پرواز کرتے دیکھا گیا ہے۔ یہ دو ماہ میں پیش آنے والا اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
چائنہ ایئر لائنز کے عملے کے مطابق انھوں نے ایک شخص کو جیٹ پیک کے ذریعے چھ ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتا دیکھا۔ وفاقی ہوا بازی کے حکام کے مطابق یہ واقعہ لاس اینجلس سے 12 کلومیٹر دور شمال مغرب میں پیش آیا۔
امریکہ کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) ان دونوں واقعات کی تفتیش کر رہا تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ آیا اس پرواز کی وجہ سے کسی طیارے کو خطرہ لاحق ہوا یا نہیں۔
جیٹ پیک کیا ہوتا ہے؟
جیٹ پیک ایک ایسے آلے کا نام ہے جس کی مدد سے کوئی بھی شخص ہوا میں پرواز کر پاتا ہے۔
یہ ایک ’بیک پیک‘ یعنی بستے کی شکل میں ہوتا ہے اور اکثر پرواز کرنے والے کی پشت پر پہنا جاتا ہے۔ اس میں ایدھن ہوتا ہے اور ساتھ ہی چھوٹا جیٹ انجن لگا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک زمانے میں اسے ایک افسانوی ایجاد سمجھا جاتا تھا لیکن گذشتہ برسوں میں سائنسدانوں کی کاوشوں نے اسے حقیقت میں بدل دیا۔

،تصویر کا ذریعہMichael Bowles
تازہ ترین واقعے کی تفصیلات
چائنہ ایئر لائنز کے عملے کا کہنا تھا کہ انھیں جیٹ پیک کے ذریعے پرواز کرتا شخص بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے پونے دو بجے دکھائی دیا۔
ہوابازی کے حکام کے مطابق عملے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا جو اب واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔
تاہم لاس اینجلس ایئر پورٹ کے حکام نے اب تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دنیا بھر میں اڑان بھرنے کے شوقین افراد جیٹ پیک کے ساتھ تجربے کرتے رہے ہیں اور ایک شخص نے حال ہی میں برطانیہ کے شہر برائٹن میں 85 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر سفر کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس کے علاوہ جیٹ پیک دبئی اور نیو یارک میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔












